کراچی میں ویسٹ پولیس نے کانسٹیبل محمدفاروق کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔تفصیل کے مطابق کراچی ویسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کانسٹیبل محمد فاروق کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔میر خان گوٹھ میں پولیس نے کارروائی کی تو 5 ملزمان 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان کی ایک موٹر سائیکل کے ٹائر پر گولی لگی اور گرنے پر 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان محمد سفیان اور ساگر علی سے پستول، چلیدہ خولز برآمد ہوئی، موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے لی، ملزم محمد سفیان نے انکشاف کیا 19 مئی کو 2 وارداتیں کرنے کے بعد پولیس اہلکاروں سے سامنا ہوا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم محمد سفیان نے فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل محمد فاروق کو شہید اور کانسٹیبل صفدر کو زخمی کیا تھا، ملزم محمد سفیان نے ہی 8 مئی کو دوران واردات ماموں کو قتل، بھانجے کو زخمی کیا تھا۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی کا کہنا ہے کہ ملزم محمد سفیان نے دونوں جائے وقوع کی درست نشاندہی بھی کروائی، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات کا اندراج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی