i پاکستان

کراچی، کسٹمز انفورسمنٹ کا کریک ڈان، 4 کروڑ روپے مالیت کی بھارتی کاسمیٹکس برآمدتازترین

February 13, 2026

کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ نے کریک ڈائو ن کرتے ہوئے 4 کروڑ روپے مالیت کی بھارتی کاسمیٹکس برآمد کرلی۔کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے کراچی بولٹن مارکیٹ کے قریب فیروزوالہ بلڈنگ میں واقع غیر قانونی گوداموں پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں بھارتی ساختہ اسمگل شدہ کاسمیٹکس قبضے میں لے لئے ۔یہ آپریشن 10 اور 11 فروری 2026 کو مصدقہ انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔ کارروائی کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے کلکٹر معین الدین احمد وانی اور ایڈیشنل کلکٹر کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی، جنہوں نے غیر قانونی سامان کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا تھا۔ضبط کیے گئے سامان کی عالمی برانڈز پر مشتمل مارکیٹ قیمت کا تخمینہ تقریبا 4 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ کسٹمز حکام نے یہ سامان کسٹم ایکٹ 1969 کے سیکشن 168 کے تحت ضبط کر کے دفعہ 171 کے تحت قانونی نوٹس جاری کر دیا ہے۔

کلکٹر کسٹمز نے اس کامیاب کارروائی پر اے ایس او کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل میں بھی اسی نظم و ضبط کے ساتھ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کی۔دوسری جانب پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف موثر کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں چرس، افیون اور چاندی برآمد کر لی ۔ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق، یہ کامیابیاں مختلف مقامات پر تلاشی اور چیکنگ کے دوران حاصل ہوئیں۔ برآمد کی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 3 کروڑ 33 لاکھ ڈالر(تقریبا 9 ارب پاکستانی روپے سے زائد) بتائی جا رہی ہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ قبضے میں لی گئی منشیات اور چاندی کے حوالے سے قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ کوسٹ گارڈز حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک سے منشیات کی لعنت کے خاتمے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آپریشنز کا سلسلہ اسی سختی سے جاری رہے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی