کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں تین ڈاکو زخمی حالت میںگرفتار کر لئے گئے جبکہ مقابلے کے دوران راہگیر بھی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود میں پولیس اور موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق یہ کارروائی نارتھ ناظم آباد کے علاقے کٹی پہاڑی بلاک آر کے مرکزی روڈ پر کی گئی جہاں مشتبہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دونوں ملزمان زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کرکے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں مزید نفری طلب کر لی گئی اور پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔
دوسری جانب کو کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے ڈی اے سوسائٹی کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ مقابلے کے دوران راہگیر بھی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت سریش کے نام سے کی گئی جس کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والے راہگیر کی شناخت سجاد کے نام سے کی گئی۔ پولیس نے راہگیر اور گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس زخمی ڈاکو کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کر رہی ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی