i پاکستان

کراچی ،مبینہ پولیس مقابلوں میں 4 ملزم زخمی حالت میں گرفتار، 2 فرار، ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شخص زخمیتازترین

February 10, 2026

کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران چار ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو فرار ہوگئے۔تفصیل کے مطابق فیروز آباد پولیس کا ملزموں سے طارق روڈ کے قریب فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزموں کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے، گرفتار زخمی ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کر لئے گئے۔پاک کالونی میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزموں کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا

گرفتار ملزموں کے قبضے سے اسلحہ، چھینے ہوئے موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار تمام ملزموں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ دو سری جانب کراچی میں ڈیفنس کے علاقے قیوم آباد سی ایریا بس اسٹاپ پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ، زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 26 سالہ توصیف ولد داود کے نام سے کی گئی ، واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی