i پاکستان

کراچی میں 32 مرکزی سڑکوں سے پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کردی گئیتازترین

July 01, 2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا،کراچی میں 106 مرکزی سڑکوں میں سے 32 پر پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کر دی گئی ، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیہ عظمی کی 32 سڑکوں اور مقامات پر پارکنگ مفت ہو گی، ضلع جنوبی میں 3 اور ضلع کیماڑی کے 2 مقامات پر پارکنگ مفت ہوگی۔ضلع وسطی میں 5، ملیر اور کورنگی میں 7 مقامات پر پارکنگ فری ہو گی جبکہ ضلع شرقی میں 15 مقامات پر پارکنگ بالکل مفت ہو گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع جنوبی، وسطی اور شرقی کی 11 وال بانڈری پارکنگ پر مقررہ فیس رہی گی۔جیلانی سینٹر موبائل مارکیٹ، ناز پلازہ سے آمنہ ٹاور ایم اے جناح روڈ پر پارکنگ فری ہو گی جبکہ کوثر میڈیکو سے ایم ڈبلیو ٹاور ایم اے جناح روڈ پر پارکنگ فری ہو گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق شارجہ مال سے کوہِ نور ہال حب ریور روڈ پر پارکنگ فری ہو گی، کے پی ٹی گیٹ نمبر 1 سے شیل پمپ ایم اے جناح روڈ پر پارکنگ فری ہو گی۔

ضلع وسطی میں ہارون شاپنگ مال، سرینا مارکیٹ پر پارکنگ فری ہوگی، لیاقت آباد سپر مارکیٹ سے لیاقت آباد نمبر 10 ایس ایم توفیق روڈ پر پارکنگ فری ہو گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیز سپر اسٹور شاہراہِ پاکستان، سینٹرم شاپنگ مال راشد منہاس روڈ، کفایہ اور اومیگا مال نارتھ کراچی پر پارکنگ فری ہوگی۔دوسری جانب ضلع جنوبی، وسطی اور شرقی میں واقع 11 مخصوص بند سائٹس (جنہیں وال بانڈری پارکنگ کہا جاتا ہے ) پر معمولی مقررہ فیس برقرار رکھی گئی ہے تاکہ پارکنگ کا نظام باقاعدہ اور منظم رہے۔میئر کراچی نے اس اقدام کو عوامی سہولت اور شفاف بلدیاتی نظم و نسق کی جانب قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح شہریوں کو سہولت دینا ہے، پارکنگ کے نام پر لوٹ مار اب برداشت نہیں کی جائے گی۔شہری حلقوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر بلدیاتی سہولیات میں بھی اسی طرح بہتری آئے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی