کراچی میں 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے لئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ۔جلوس نمائش سے شروع ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر پر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا ۔اس حوالے سے پولیس نے جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ۔ پولیس نے صدر، ریگل چوک اور اطراف کی سڑکوں اور گلیوں کوبند کردیا جبکہ جلوس کے روٹس میں آنے والی دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا تھا۔ شہر بھر میں 5 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں جبکہ مرکزی جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر اضافی نفری اور ریزرو فورس بھی تعینات کی گئی ۔حساس مقامات پر اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں اور سرچ اور سویپ آپریشنز کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی فوری اطلاع مددگار 15 پر دیں۔پولیس ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایت پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کئے گئے ہیں اور مجالس و جلوسوں کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل ہیں۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا۔اس کے علاوہ مرکزی جلوس کے راستوں اور اطراف میں موبائل فون سروس متاثر رہی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔دریں اثنا کراچی ٹریفک پولیس نے 9اور 10 محرم الحرام 1448ھ کے مرکزی جلوسوں کیلئے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ان دنوں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوں گے جبکہ جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گی ۔ٹریفک پولیس کے مطابق تینوں دن مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوں گے اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔ جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر بند رہے گی۔پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک لسبیلہ چوک سے متبادل راستوں پر منتقل کی جائے گی، جبکہ شاہراہ فیصل سے آنے والی گاڑیوں کو سوسائٹی سگنل سے متبادل روٹس پر موڑ دیا جائے گا۔ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس کے راستوں پر صرف مجاز اور اسٹیکر شدہ گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی