i پاکستان

کراچی میں دو مختلف مبینہ پولیس مقابلے، 3 زخمیوں سمیت 4 ملزمان گرفتارتازترین

June 05, 2025

شہر قائد میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان دو مختلف مقامات پر مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران تین زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس اور ڈاکوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔جس کے جواب میں دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔ مقابلے کے دوران دو ملزمان زخمی جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور دیگر قابل اعتراض سامان برآمد ہوا ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔چھیپا ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے ملزمان کی شناخت اسلم ولد نور خان (عمر 22 سال) اور راحیل ولد جمال الدین (عمر 35 سال) کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں واقع شراب خانے کے قریب پیش آیا، جہاں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) کی ٹیم نے مشتبہ موٹر سائیکل لفٹر کو روکنے کی کوشش کی۔ملزم نے فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ کی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق، زخمی ملزم کی شناخت محمد حسن کے نام سے ہوئی ہے، جسے ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف مزید تحقیقات اور اس کے ماضی کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی