کراچی کے علاقے قائد آباد اور اطراف کے علاقوں میں پیر کی علی الصبح بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے باعث شہری خوف زدہ ہوگئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کراچی میں زلزلے کے جھٹکے 3 بجکر 14 منٹ پر محسوس کئے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 3 ریکارڈ کی گئی۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ کی گہرائی 8 کلومیٹر، مرکز ملیر تھا۔دریں اثنا کراچی کے علاقے ملیر میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق سرکل 11 کی بیرک نمبر 2 میں قیدیوں نے چیخ و پکار کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع کر دی اور جیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ انہیں بیرک سے فوری طور پر باہر نکالا جائے۔ہنگامے کی اطلاع ملتے ہی جیل انتظامیہ نے ممکنہ کشیدگی سے بچنے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس اور رینجرز کی اضافی موبائلیں فوری طور پر ملیر جیل پہنچ گئیں۔جیل انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے لاڈ اسپیکر پر قیدیوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو مکمل طور پر قابو میں کر لیا گیا ہے۔زلزلے کے جھٹکوں کے باعث جیل کے حساس ماحول میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جب کہ جیل حکام نے قیدیوں کو پرسکون رکھنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی