i پاکستان

کراچی‘ مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلے، 2 دہشتگرد، ایک کار لفٹر اور ایک ڈکیت سمیت 4 ملزمان ہلاکتازترین

September 19, 2026

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مبینہ مقابلوں میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر غازی گوٹھ کے قریب سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ریسکیو حکام کے مطابق سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک ہوئے۔ ہلاک ملزمان کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت 23 سالہ یحیی ولد عبدالواحد اور ہلال ولد سید محمد کے نام سے ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم (بی ایل ایف) سے تھا اور وہ تنظیم کے کمانڈر تھے۔ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔دوسری جانب ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق لیاقت آباد پولیس کا سروس روڈ تین ہٹی پل کے قریب مسلح ملزمان سے مبینہ مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت تلاش ڈیوائس کے ذریعے کی جارہی ہے، جبکہ لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، 2 رانڈز، 1200 روپے نقدی، 3 موبائل فونز اور ایک یونیک 70 موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔ اسلحہ اور دیگر سامان قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی گئی جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ادھر اے وی ایل سی جمشید ڈویژن کی ٹیم نے سندباد روڈ نظارت کے قریب خفیہ اطلاع پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ ترجمان اے وی ایل سی پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔ تاہم زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ دم توڑ گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی