i پاکستان

کراچی، مختلف حادثات میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحقتازترین

April 23, 2026

کراچی میں ٹرک ٹریلر تصادم اور دیگر حادثات کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ تیز دھار آلے کے وار کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔تفصیل کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپرہائی وے پر لکی سمنٹ فیکٹری کے قریب مزدا ٹرک اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں مزدا ٹرک میں سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے گڈاپ سٹی تھانے لائی گئی جہاں سے قانونی کارروائی کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ترجمان ایدھی کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مزدا ٹرک کے کلینر 37 سالہ اکبر علی ولد اعجاز آصف کے نام سے کی گئی۔دوسری جانب سائٹ سپرہائی وے نیو سبزی منڈی معمار موڑ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک 45 سالہ راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔ادھر کورنگی کے علاقے عوامی کالونی ساڑھے 5 نمبر میں تاج شادی ہال کے قریب ایک خاتون موٹرسائیکل سے گر کر جاں بحق ہوگئی، جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت 45 سالہ فوزیہ زوجہ یونس کے نام سے کی گئی ہے جو کورنگی کی رہائشی تھیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چلتی موٹرسائیکل کی چین میں خاتون کا برقعہ لپٹ گیا، جس کے باعث وہ سڑک پر گر گئیں۔ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی ایک بھائی نے چھریوں کے وار کر کے اپنے ہی بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ شاہ فیصل کالونی نمبر 4 میں پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی بات پر تلخ کلامی ہونے پر ایک بھائی نے دوسرے پر چھری سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا۔واقعے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل شاہ لطیف ٹاون اسماعیل گوٹھ میں گھر میں بھائیوں کے درمیان جھگڑے میں چھوٹے بھائی نے چھری کے وار سے بڑے بھائی کو قتل کردیا تھا، پولیس نے بتایا کہ ملزم مزمل کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی