کراچیکے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق پہلا حادثہ منوڑا ہمالیہ روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 14 سالہ موٹر سائیکل سوار شارون مسیح موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوسرا حادثہ کراچی کے علاقے پورٹ قاسم کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار افتخار جان کی بازی ہار گیا۔ تیسرا حادثہ گلشن حدید موڑ کے قریب پیش آیا جہاں ٹریلر کی ٹکر سے زخمی ہونے والا نوجوان عثمان اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔جبکہ اسی حادثے میں ایک اور 18 سالہ نوجوان زخمی بھی ہوا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ چوتھا حادثہ کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے اکرم مسیح جاں بحق ہو گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ متعلقہ تھانوں کی پولیس نے حادثات کی وجوہات کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی