کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں واقع مدرسے جامعہ ابی بکر کے مہتمم مولانا ضیاالرحمن مدنی شہید کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ جمعرات کو مولانا ضیا الرحمن کی نمازِ جنازہ ماڈل کالونی فٹ بال گراونڈ میں ادا کی گئی۔ مدرسہ جامعہ ابی بکر کے مہتمم مولانا ضیا الرحمن مدنی ایک روز قبل گلستانِ جوہر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس حوالے سے نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ عبدالحمید عامر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ضیا الرحمن کو شہید کرنے والے پاکستان میں امن نہیں چاہتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مولانا ضیاالرحمن مدنی کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے، قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی