i پاکستان

کراچی، ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی، بے قابو ٹرالر بینک میں جا گھسا، ڈرائیور جاں بحقتازترین

March 14, 2026

کراچی میں بے لگام ٹینکرز، ٹرالرز سے تازہ واقعات میں ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ بے قابو ٹرالر بینک میں جا گھسا جس سے ڈرائیور جاں بحق ہوگیا ،منگھوپیر روڈ پر واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔تفصیل کے مطابق جوہر موڑ راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد عوام کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی اور ڈمپر کو روک لیا۔اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پاتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے کر ڈمپر سمیت تھانے منتقل کر دیا جبکہ فوری طور پر اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ زخمی ہونے والے افراد موٹر سائیکل سوار یا راہگیر ہیں تاہم پولیس اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔ایدھی حکام کے مطابق جوہر موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 42 سالہ ثمرین کے نام سے کی گئی جسے فوری طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لے جایا گیا۔

حادثے کے باعث راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ گزر رہا ہے ، شہریوں کی بہت بڑی تعداد عیدالفطر کی خریداری کے لیے شاپنگ سینٹرز اور دیگر مارکیٹوں کا رخ کر رہی اور اس دوران شہر کی سڑکوں پر ڈمپر ، واٹر ٹینکر ، ٹریلر اور آئل ٹینکر کے بدمست ڈرائیور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں پر دکھائی دیتے ہیں اور حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس حکام ایسی مصروف شاہراہوں اور شاپنگ ایریاز کی سڑکوں پر وقتی طور پر ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے تاکہ شہریوں کو جان لیوا خونی حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے ۔دوسری جانب نارتھ ناظم آباد کے علاقے کٹی پہاڑی کے قریب ایک تیز رفتار ٹرالر بے قابو ہوکر نجی بینک کی عمارت میں جا گھسا جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ایس ایس ایچ او شاہد آدم کے مطابق حادثہ ٹرالر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا جس کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر نجی بینک کی عمارت کے اندر جا گھسی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹرالر کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جس کی شناخت 21 سالہ محمد احسان ولد ثنا اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ایدھی حکام کے مطابق متوفی کی لاش کو ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ دوسریجانب منگھوپیر اجتماع گاہ روڈ پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا۔حادثے میں ایک واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، حادثے میں پانچ سالہ بچہ حسن جاں بحق، جبکہ 18 سالہ شرجیل، 15 سالہ فاطمہ اور سات سالہ عبداللہ زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم کچھ فاصلے پر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے ٹینکر کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔یہ حادثہ سکول جاتے ہوئے پیش آیا اور اس نے مقامی افراد کو غمگین کر دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی