حکومت سندھ کی جانب سے آئندہ مالی سال 2025-26 میں مزید بسوں کی خریداری اور ای وی ٹیکسیوں اور اسکوٹرز کے لیے بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس ہوا جس میں مختلف منصوبوں پیپلز بس سروس، ای وی اسکوٹرز سمیت دیگر امور کا ایک جامع جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت مختلف منصوبوں پیپلز بس سروس، ای وی اسکوٹرز سمیت دیگر امور کا ایک جامع جائزہ لیا گیا۔دوران اجلاس ای وی گاڑیوں کے لیے مختلف مقامات پر چارجنگ انفرااسٹرکچر کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سینئر وزیر شرجیل میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے مالی سال 2024-25 کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور آئندہ مالی سال میں مجوزہ منصوبوں پر بھی جامع بات چیت کی گئی۔شرجیل انعام میمن کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف سرمایہ کاروں کی جانب سے بس سروس شروع کرنے کے بارے میں بھی آگہی دی گئی اور بتایا گیا کہ یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے جام صادق پل کا کام مکمل ہے، حالیہ ماہ افتتاح کر سکتے ہیں۔
جلاس میں سینئر وزیر شرجیل میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی کی جلد تکمیل کے کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کے لیے پرعزم ہے، عوام کے لیے ماحول دوست اور سستی سفری سہولیات کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔انکا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے مزید بسیں جلد پہنچنے کی امید ہے، شہریوں کے ڈبل ڈیکر بسز بھی لا رہے ہیں، ہم نے کراچی میں ای وی بسز، پیپلز بس سروس جیسے کامیاب منصوبے شروع کیے، کراچی کے کونے کونے میں یہ نیٹ ورک بچھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ہر شہری کو جدید سفری سہولیات میسر ہوں، حکومت سندھ نے جو منصوبے شروع کیے ہیں ان کا مقصد شہر کی ٹریفک کو منظم کرنا اور ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔واضح رہے کہ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو اور دیگر متعلقہ حکام شریک تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی