کراچی پولیس کے 11 ایس ایچ اوز کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا، سائٹ اے، گارڈن، گلشن معمار اور گڈاپ تھانے کے افسران بھی عہدوں سے ہٹائے جانے والوں میں شامل ہیں۔ میڈیارپورٹ کے مطابق کراچی رینج میں انکوائریوں کا سامنا کرنے والے پولیس افسران کے خلاف بڑی انتظامی کارروائی کرتے ہوئے متعدد ایس ایچ اوز کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک پولیس افسران کو ایس ایچ اوز کے پول سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا، کارروائی کے تحت آرٹلری میدان، بلال کالونی، نارتھ ناظم آباد اور ڈیفنس تھانوں کے ایس ایچ اوز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
اس کے علاوہ سائٹ اے، گارڈن، گلشن معمار اور گڈاپ تھانوں کے افسران بھی عہدوں سے ہٹائے جانے والوں میں شامل ہیں، جبکہ خواتین تھانے کی ایس ایچ او کو بھی ڈی نوٹیفائی کردیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان افسران کے خلاف مختلف نوعیت کی انکوائریاں جاری ہیں، اسی وجہ سے تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں ایس ایچ او کی ذمہ داریوں سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کے احکامات پر کی گئی، جبکہ متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ تحقیقات جاری رہیں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی