i پاکستان

کراچی، پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک، 5 زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمدتازترین

April 23, 2026

کراچی کے مختلف علاقوں فیروزآباد، سپرمارکیٹ، شریف آباد اور مبینہ ٹائون میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ 5 کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔تفصیل کے مطابق فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس کے جوانوں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہید ملت روڈ ہل پارک باغ بہار شادی ہال کے قریب دوران چیکنگ مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ایس ایچ او فیروزاآباد انسپکٹر عدیل افضال کے مطابق مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت 35 سالہ عثمان عرف نور البشیر عرف عثمان بنگالی ولد ابوالکلام کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے، جبکہ اس کے سابقہ ریکارڈ کے حصول اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادھر سپرمارکیٹ پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لیاقت آباد چونا ڈپو ندی کنارے کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکووں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکووں کی شناخت 24 سالہ صدام حسین ولد شاہ جہاں اور 22 سالہ عمران ولد جہانگیر کے ناموں سے کی گئی ہے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 پستولیں بمعہ گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی۔شریف آباد پولیس نے بھی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایف سی ایریا ریلوے لائن کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکووں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 45 سالہ اعجاز ولد سید حسن اور 42 سالہ محمد عدنان ولد محمد انور کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 پستولیں بمعہ گولیاں، موبائل فونز، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ادھر مبینہ ٹاون پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب یونیورسٹی روڈ سمامہ پل کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ زخمی ملزم کو ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت 40 سالہ نادر ولد غلام حیدر کے نام سے کی گئی ہے، جس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی۔ جبکہ کراچی کے علاقے اختر کالونی کے علاقے میں دن دھاڑے لاکھوں مالیت کی موٹر سائیکل چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی۔فوٹیج میں ایک شخص کو چند منٹوں میں موٹر سائیکل کو چوری کر کے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔چوری کی واردات کے دوران گلی سے گزرتا ایک نوجوان ملزم کے پاس آتا ہے لیکن ملزم کا ساتھی اسلحے کے زور پر نوجوان کو پیچھے ہٹا دیتا ہے۔ملزمان چند منٹوں کے دوران موٹر سائیکل لے کر فرار ہو جاتے ہیں، واردات صبح سویرے پیش آئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی