کراچی میں مختلف پولیس مقابلوں میں تین ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے ۔تفصیل کے مطابق کراچیکے پوش علاقے ڈیفنس میں درخشاں پولیس اور چار رکنی ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ مقابلے کے بعد زخمی ہونے والا ڈاکو جناح اسپتال میں جھوٹ بول کر طبی امداد حاصل کر رہا تھا، جسے صدر پولیس نے ہوشیاری سے گرفتار کر لیا۔ملزم کے دیگر تین ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے شہر میں چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ۔ذرائع کے مطابق، پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مقابلہ خیابانِ شاہین کے قریب ہوا، جس میں ایک ڈاکو زخمی ہوا، تاہم اس کے تین ساتھی اسے لے کر موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ملزم طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچا اور وہاں عملے کو یہ جھوٹی کہانی سنائی کہ وہ شہری مزاحمت کے دوران زخمی ہوا ہے۔ادھر پولیس کنٹرول پر مقابلے سے متعلق تفصیلات موصول ہونے کے بعد صدر پولیس نے جناح اسپتال میں موجود مشتبہ زخمی شخص سے سوالات کیے، جن میں وہ گھبراہٹ کا شکار ہو گیا۔ شک کی بنیاد پر فوری طور پر درخشاں پولیس کو اطلاع دی گئی، جنہوں نے اسپتال پہنچ کر ملزم کو شناخت کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت مبشر ولد رشید احمد کے نام سے ہوئی ہے، جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور اسے جناح اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب گلزار ہوزری سیکٹر الیون سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 26 سالہ عابد ولد خلیل الرحمن کے نام سے کی گئی ، گرفتار ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی ، گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے ، گرفتار ملزم سے وارداتوں اور اس کے دیگر ساتھیوں کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ادھر ڈیفنس پولیس نے ڈی ایچ اے فیز 5 عربی محل کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد بھی ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 24 سالہ فیصل ولد شریف کے نام سے کی گئی ، گرفتار ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ، گرفتار ملزم چوری ، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی