کراچی کے راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آگ لگ گئی۔ترجمان ریسکیو کے مطابق آگ شاپنگ مال کی تیسری منزل پرسرویلنس روم سے شروع ہوئی تھی۔ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ آگ نے شاپنگ مال کی عمارت اور اس کے اندر کئی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا،6 فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔آگ لگنے سے شاپنگ مال سے متصل رہائشی عمارت کے مکین باہر نکل آئے۔تمام افراد محفوظ رہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آگ لگنے اور پھیلنے میں انتظامیہ کی غفلت کا انکشاف ہوا ہے۔انچارج ریسکیو 1122 احسان الحسیب نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا شاپنگ مال انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے لگی۔احسان الحسیب نے کہا شاپنگ مال کا فائر سسٹم مکمل غیر فعال ہے، مال میں ہنگامی خارجی راستے بھی موجود نہیں ہیں، سینٹرلی ایئر کنڈیشنڈ کرنے کے لیے عمارت کو مکمل پیک کیا گیا۔انھوں نے بتایا کہ اس شاپنگ مال میں چوتھی مرتبہ آگ لگی ہے، اس بار مال کے کنٹرول روم میں دھماکے سے چنگاری نکلی تھی، تاہم کنٹرول روم عملے نے چنگاری کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کیا، جس کے 10 منٹ کے بعد اچانک سے آگ لگ گئی، اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے تیسری منزل کو لپیٹ میں لے لیا۔احسان الحسیب کے مطابق شعلے گرنے کی وجہ سے دوسری منزل میں بھی آگ لگ گئی، اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو عملہ 10 منٹ میں پہنچا، لیکن ایک ہی راستہ ہونے سے فائر فائٹنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی جگہ شیشے اور دروازے توڑ کر کام کرنا پڑا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی