کراچی سے باجوڑ جانے والی بس کھائی میں گرنے سے ایک مسافر جاں بحق اور 39زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122کے مطابق تیمرگرہ خزانہ بائی پاس روڈ پر کراچی سے باجوڑ جانے والی بس کھائی میں جا گری، بس میں 52افراد سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کردی، حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ 39زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔حادثے کے بعد ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال تیمرگرہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر دیر تیمرہ گرہ نے اسپتال کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں لوئر دیر، باجوڑ، مہمند کے مسافر شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی