i پاکستان

کراچی، سندھ رینجرز کی کارروائی، 2 انتہائی مطلوب ملزمان زخمی ، 5 گرفتارتازترین

May 25, 2026

پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے پی آئی بی کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے 2 انتہائی مطلوب زخمی ملزمان سمیت 5 ملزمان گرفتار کر لئے ۔ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی بھتہ وصولی میں ملوث احمد علی مگسی اور وقاص گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان کے خلاف کی گئی، دوران کارروائی ملزمان کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں عبداللہ،عبدالسمیع،حمید عرف خلیفہ، عبید عرف گجی اور خدا بخش عرف سنی شامل ہیں تاہم کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن برآمد کر لیا گیا جبکہ احمد علی مگسی اور وقاص گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہیں۔ترجمان سندھ رینجرز نے کہا کہ دونوں ملزمان پوشیدہ ٹھکانے سے پی آئی بی کالونی میں بھتہ وصولی کا منظم نیٹ ورک چلا رہے ہیں

گرفتار ملزمان احمد علی مگسی اور وقاص گروہ کے انتہائی اہم کارندے ہیں جبکہ ملزمان احمد مگسی اور وقاص مگسی کے احکامات پر پی آئی بی کالونی اور ملحقہ علاقوں میں فیکٹری مالکان، نجی بلڈرز اور دیگر کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔گرفتار ملزمان بھتہ نہ ملنے پر فائرنگ کرنے کی دھمکی آمیز کالز کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور اس سے پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے ایس آئی یو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی