شہر قائد کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،دوروز میں ایک درجن کے قریب جھٹکے محسوس کئے جاچکے ہیں ۔ منگل کی صبح 9 بج کر 57 منٹ پر زلزلہ آیا ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 2.8 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کی گہرائی 40 کلو میٹر اور زلزلے کا مرکز ملیر کے شمال مشرق میں 15 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔یاد رہے کہ پیر او رمنگل کی درمیانی رات بھی شہر قائد زلزلے سے لرز اٹھا تھا، زلزلے کی شدت 2.6 اور گہرائی 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلے کا مرکز ملیر کے شمال مشرق میں 5 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے شہر قائد میں دو روز کے دوران 12مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جا چکے ہیں جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے لانڈھی میں کئی گھروں کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں، اور شہری خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ دوسری جانب زلزلے کے جھٹکوں کی تشویشناک صورت حال کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے ضلع ملیر کے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر کا کہنا تھا کہ زلزلہ لانڈھی فالٹ ریجن میں آ رہا ہے، معمول پر آنے میں چند دن لگ سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ زلزلے کے جھٹکے آئندہ 2 روز تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی