وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ کسی صورت سندھ میں نئے صوبے نہیں بننے دیں گے۔ ایک انٹرویو میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جن اسمبلیوں نے قرارداد پاس کی وہ اپنے صوبے میں نئے صوبے بنا لیں، سندھ اسمبلی نے بارہا نئے صوبے کو مسترد کیا ہے اور ایک دو بار تو سب نے متفقہ طور پر مسترد کیا ہے، ایم کیو ایم کے بڑے رہنما خود بھی ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ نئے صوبے نہیں چاہئیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کبھی بھی نہیں ہوگی اور کچھ بھی ہو جائے پاکستان پیپلز پارٹی سپورٹ نہیں کرے گی، ہماری جانیں بھی سندھ سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتیں، کسی صورت سندھ میں نئے صوبے نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جائے یا کچھ بھی ہو جائے سندھ تقسیم نہیں ہو سکتا، نئے صوبے بننے سے دودھ کی نہریں نکلنا شروع ہو جائیں تو پھر سندھ کو کہیں کیوں ضد کر کے بیٹھے ہیں، کالاباغ ڈیم کے خلاف ہیں تو باقی جس ڈیم پر متفق ہیں انھیں کیوں نہیں بنا رہے؟۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی