لاہور میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث برقعہ پوش خاتون کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔تفصیل کے مطابق لاہور میں گلشن راوی پولیس نے ایک بڑی اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث انتہائی چالاک برقع پوش خاتون کو اس کے آشنا سمیت گرفتار کر لیا۔ایس پی اقبال ٹائو ن سدرہ خان نے بتایا کہ ملزمہ اپنے آشنا وقاص عرف کاشی کے ساتھ مل کر گھروں کے باہر کھڑی موٹرسائیکلیں چوری کرتی تھی اور بعد میں انہیں سستے داموں فروخت کر دیا جاتا تھا۔
اس گینگ کی خاص بات یہ تھی کہ ملزمہ خود برقع پہن کر چوری کی گئی موٹرسائیکل چلا کر موقع سے فرار ہوتی تھی تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس چور گینگ کو سیف سٹی اور لوکل کیمروں کی مدد سے ٹریس کیا گیا، جہاں ملزمہ کو ویڈیو میں برقع پہن کر موٹرسائیکل چوری کرتے اور چلاتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو شرقپور برج اٹاری سے پکڑا جبکہ ملزمان کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، نقدی اور چوری شدہ 2 موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی