i پاکستان

لاہور، پوتوں کی لڑائی چھڑوانے کے دوران فائرنگ سے 85 سالہ دادا جاں بحق،ملزمان فرارتازترین

June 28, 2025

لاہور میں اکبری گیٹ کے علاقے محلہ نعمت گراں میں دو پوتوں کے درمیان جھگڑا چھڑوانے کی کوشش کے دوران 85 سالہ دادا محمد ریاض فائرنگ کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئے۔تفصیل کے مطابق گلمان خان اور نعمان نامی دو بھائیوں کے درمیان کسی گھریلو تنازع پر جھگڑا ہوا۔ دادا محمد ریاض دونوں کے درمیان صلح کروانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ سے محمد ریاض سمیت تین افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم محمد ریاض زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔واقعے کے بعد دونوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو مردہ خانے منتقل کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ایس پی سٹی ڈویژن نے ایس ایچ او اکبری گیٹ ہاشم رضا کو خصوصی ٹاسک سونپا، جس پر پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کی مدد سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور دوسرے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی