i پاکستان

لاہور سمیت پنجاب بھر میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری،پی ڈی ایم اے کی متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کی ہدایتتازترین

June 13, 2026

لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرد آلود ہوائو ں اور بارش برسانے والا کمزور سسٹم موجود ہے، جبکہ گزشتہ روز مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی،فیصل آباد اور جھنگ میں بارش اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں ایک خاتون جاںبحق اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور پنجاب بھر میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران گرد آلود ہوائو ں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری ریکارڈ ہوا ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں آندھی، بارشوں اور ژالہ باری سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ ترجمان نے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور منڈی بہائو الدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں ممکنہ بارش کے پیشِ نظر واسا نے آپریشنل سٹاف کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہری آسمانی بجلی سے بچا کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں۔ گرد و غبار اور تیز آندھی کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔ کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔ سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ادھر فیصل آباد اور جھنگ میں بارش اور آندھی کے باعث درجنوں افراد مختلف حادثات میں زخمی ہوگئے۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق فیصل آباد میں تیز آندھی اور بارش کے دوران 7 مقامات پر حادثات پیش آئے جہاں 6 واقعات میں عمارتوں کی دیواریں گرنے سے 15 افراد زخمی ہوئے جب کہ غازی آباد کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے تمام واقعات میں زخمیوں کو ملبے سے نکال کر علاج کیلئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا۔

جھنگ شہر اور گرد و نواح میں طوفانی آندھی اور بارش کے باعث 5 خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کے باعث سائن بورڈز ، دیواروں ، چھتوں اور سولر پینلز کے اسٹینڈز گرنے کے واقعات میں 2 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوئے۔نواحی علاقے منڈی شاہ جیونا میں آندھی کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 3خواتین سمیت 4افراد زخمی ہوئے۔دوسری جانب اوچ سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث کوئٹہ سمیت 10 اضلاع کو بجلی فراہمی معطل ہوگئی۔ترجمان کیسکو کے مطابق اوچ سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی220کے وی ٹرانسمیشن لائن جمعہ کی شب سو ا8 بجے ٹرپ کرگئی جس کے نتیجے میں کوئٹہ، نصیر آباد، سبی، بولان ،مستونگ، نوشکی، چاغی، پشین زیارت اور چمن کو بجلی فراہمی معطل ہوگئی۔ ترجمان کیسکو نے بتایا کہ خضدار اور لورالائی سے متبادل ٹرانسمیشن لائنز کے ذریعے بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔اوچ سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی220کے وی ٹرانسمیشن لائن جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ٹرپ کرنے کی وجہ سے 3 گھنٹے بند رہی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی