i پاکستان

لیبیا کے قریب تارکین وطن کی ایک اور کشتی کو حادثہ، کم از کم پانچ پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا خدشہتازترین

June 18, 2025

لیبیا کے شہر تریپولیٹانیا کے نزدیک الشاب بندرگاہ کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے کے ایک واقعے میں کم از کم پانچ پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق اس المناک واقعہ میں مجموعی طور پر 60 سے زائد پناہ گزین اور تارکین وطن لاپتہ اور سمندر برد ہونے کی اطلاعات ہیں۔بین الاقوامی ادارہ برائے ہجرت (آئی او ایم) کے مطابق اس حادثے میں صرف پانچ افراد کو زندہ بچایا جا سکا، جبکہ باقی تمام لاپتہ ہیں۔ مرنے والوں میں چھ اریٹریائی شہری (جن میں تین خواتین اور تین بچے شامل ہیں) ، پانچ پاکستانی، چار مصری اور دو سوڈانی مرد شامل ہیں۔ چار دیگر افراد کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔آئی او ایم کے مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے ریجنل ڈائریکٹر عثمان بلبیسی نے کہا کہ جب درجنوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہو اور پورے خاندان غم میں ڈوبے ہوں، تو ہم ایک بار پھر عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سمندر میں تلاش و امداد کی کارروائیاں بڑھائیں اور زندہ بچ جانے والوں کے لیے محفوظ اور پیشگی طے شدہ انداز میں اترنے کی ضمانت دیں۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں اور تمام متاثرہ افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔خیال رہے کہ رواں سال 2025 میں اب تک کم از کم 743 افراد یورپ جانے کی کوشش میں بحیرہ روم عبور کرتے ہوئے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جن میں سے 538 افراد وسطی بحیرہ روم کے راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی