i پاکستان

لوئر دیر میں سی ڈی ٹی و پولیس کی مشترکہ کی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 6 مطلوب دہشتگرد ہلاکتازترین

June 24, 2026

محکمہ انسدادِ دہشتگردی(سی ٹی ڈی) اور پولیس کی خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 6 انتہا ئی مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوفیں، 3 ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے اور پولیس پوسٹ پر حملے سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوفیں، 3 ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں خلیل الرحمان عرف صدام، نجم الدین عرف ابو جانہ اور کفایت اللہ شامل ہیں، جبکہ دیگر تین دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران چند دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے

جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔آپریشن کی کامیابی پر انسپکٹر جنرل پولیس اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے حصہ لینے والے اہلکاروں کو شاباش دی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں گے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام مطلوب دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پر کے پی پولیس اور سی ٹی ڈی کی ستائش کی اور کہا کہ بہادر سپوتوں نے خوارجی کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی