خیبرپختونخوا حکومت نے موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کر دیا۔محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی عملے کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ہدایات میں کہا گیا کہ تمام سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور جامعات فوری طور پر بند رہیں گے، جبکہ تعلیمی اداروں کے ہاسٹلز کی بیرونی اور چھتوں کی روشنیاں بھی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق یہ اقدامات کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔ اعلامیے میں طلبہ، والدین اور اساتذہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں اور غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ عارضی نوعیت کا ہے، جیسے ہی ملکی صورتحال میں بہتری آئے گی، تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی