i پاکستان

محکمہ ہائی وے کا پنجاب بھر کے تمام مینول ٹول پلازوں کو ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہتازترین

March 25, 2026

محکمہ ہائی وے نے پنجاب بھر کے تمام مینول ٹول پلازوں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد اوورچارجنگ، کرپشن کے خاتمے اور ٹول ٹیکس وصولی میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں ٹول پلازوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور ایکسینز نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ ہائی وے کے 41 ٹول پلازوں کو ڈیجیٹل کیا جائے گا جبکہ ٹول پلازوں پر کیش کولیکشن کے نظام کی نگرانی کے لیے ڈیش بورڈ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ ٹول پلازوں پر اوورچارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے شکایات پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوورچارجنگ میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کریک ڈان شروع کیا جائے اور مقدمات کا اندراج یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام 41 ٹول پلازوں پر ایم ٹیگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے نہ صرف ٹول وصولی کا نظام بہتر ہوگا بلکہ شفافیت میں بھی اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ٹول پلازوں کے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اپ گریڈ کیا جائے گا، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کے شفافیت کے ویژن کے تحت ٹول پلازوں کے نظام میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی