i پاکستان

محکمہ موسمیات کی اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئیتازترین

June 12, 2025

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں آئندہ 24گھنٹوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش ہو سکتی ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، راولپنڈی، گلیات، چکوال، جہلم اور گرد و نواح میں آندھی اور چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، بیشتر اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔بلوچستان تاحال شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جب کہ درجہ حرارت بھی 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ژوب میں پارہ 39 ڈگری تک پہنچا۔ اسی طرح سبی میں درجہ حرارت سب سے زیادہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو صوبے بھر میں شدید گرمی کی واضح علامت ہے۔ تربت میں 45، نوکنڈی میں 43 اور چمن میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ساحلی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے، گوادر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور جیوانی میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے، خیبرپختونخوا میں میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، پشاور، کرم، کوہاٹ، وزیرستان اور گرد و نواح میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی