i پاکستان

محرم الحرام میں سکیورٹی ہائی الرٹ، ملک بھر میں فوج تعینات، نوٹیفکیشن جاریتازترین

June 28, 2025

محرم الحرام کے دوران ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر وزارت داخلہ نے ملک بھر میں پاک فوج تعینات کر دی، اس حوالے سے وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کو سمری بھیج دی تھی جس کی منظوری دے دی گئی اور باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج سکیورٹی کے فرائض انجام دے گی، یہ فیصلہ صوبائی حکومتوں اور دیگر انتظامی اداروں کی درخواست پر کیا گیا ہے جنہوں نے محرم کے دوران حساس علاقوں میں اضافی سکیورٹی کی ضرورت پر زور دیا تھا۔فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے جس کے تحت فوج سول اداروں کی مدد کے لیے تعینات کی جا سکتی ہے، فوجی اہلکار مقامی پولیس اور رینجرز کے ساتھ مل کر مشترکہ گشت اور نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔ذرائع کے مطابق حساس شہروں اور اضلاع میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے گی جبکہ انٹرنیٹ سروس کی عارضی بندش پر بھی غور کیا جا رہا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں ماضی میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم کے دوران کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی