i پاکستان

محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر اظہار تشکرتازترین

February 22, 2024

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،نگران وزیراعلی پنجاب و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کے دوران امریکی قونصل جنرل کو پی ایس ایل 9کا میچ دیکھنے کی دعوت دی جبکہ کرسٹن کے ہاکنز نے محسن نقوی کو کرکٹ بال کا تحفہ دیا۔محسن نقوی نے 13ماہ کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون اور کرکٹ بال کے تحفے پر امریکی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پی ایس ایل 9کے انعقاد کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں قونصلیٹ کے لئے اراضی آپ کا قابل تحسین اقدام ہے، آپ کی قیادت میں پنجاب کی ٹیم نے ڈلیور کیا ہے،وزیراعلی محسن نقوی نے امریکی قونصل جنرل کو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے خصوصی رپورٹ بھی پیش کی، کرسٹن ہاکنز نے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کو سراہا۔کرسٹن ہاکنز نے مزید کہا کہ لاہور میں بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کا دورہ کیا، بلاشبہ یہ آپ کا اچھا اقدام ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے بتایا کہ پنجاب میں صرف 30روز کے اندر 6بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرز فعال کئے، بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرز پر 120این او سیز کا اجرا صرف 15دن میں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہائی تیز رفتاری سے راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں، تینوں بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معاونت سے فعال کیے ہیں۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ ٹی 20ورلڈ کپ رواں برس امریکہ میں ہو رہا ہے، امید ہے پاکستانی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، پاکستانی قوم کرکٹ اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی