i پاکستان

مخصوص نشستوں پرحلف نہ لینے پرسپیکراورڈپٹی سپیکرخیبرپختونخوا سے جواب طلبتازترین

April 03, 2024

پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف نہ لینے کے معاملے پر توہین عدالت کیس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سے جواب طلب کرلیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دائر توہین عدالت درخواست پر سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی نے کی، دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت نے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران اسمبلی سے حلف لینے کا حکم دیا تھا، عدالتی احکامات کے باوجود اپوزیشن کی مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکراسمبلی نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی، لہذا سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر سپیکر اور ڈپٹی سپیکر جواب جمع کرائیں، عدالت نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو نوٹس جاری کردیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی