i پاکستان

ملک بھر میں یوم فضائیہ بھرپور قومی جوش وجذبے سے منایا گیا، خصوصی دعائیہ و دیگر تقریبات کا انعقاد، شہداکو خراج عقیدت پیش ،تمام چھوٹے بڑے فضائی اڈوں پر 1965 کی جنگ کی یادگاریں آویزاں کی گئیںتازترین

September 07, 2026

ملک بھر میں یوم فضائیہ بھرپور قومی جوش وجذبے سے منایا گیا ۔اس دن کی مناسبت سے خصوصی دعائیہ و دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور شہداکو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ملکی سلامتی و خودمختاری کیلئے دعائیں کی گئیں۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے فضائی اڈوں پر 1965 کی جنگ کی یادگاریں آویزاں کی گئیں۔یہ دن 1965 کی پاک بھارت جنگ کے اس تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں منایا جاتا ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شجاعت، مہارت اور جانبازی کی لازوال مثالیں قائم کیں۔ اور اس دن پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 6 اور 7 ستمبر کو پاک بھارت جنگ میں بھارتی فضائیہ کے 5 سے زائد طیارے مار گرائے تھے۔ لڑائی کا رخ موڑ چکا تھا۔ پاک فضائیہ کے پائلٹس نے اپنی جنگی مہارت سے دنیا کو حیران کر دیا۔۔اس موقع پر پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے راشد منہاس شہید کی لازوال قربانی کو سلامِ عقیدت پیش کیا گیا، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخِ پاکستان میں امر مقام حاصل کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ راشد منہاس شہید کا عزمِ شہادت آج بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں کیلئے مشعلِ راہ ہے، شہید کی قربانی، عزم و وفا کی وہ روشن داستان ہے جو نسلوں کو دفاعِ وطن کا درس دیتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہین، راشد منہاس شہید کے جذب شہادت اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں۔دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا،پاک فضائیہ نے معرکہ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا جو پاک فضائیہ کی جرات مندانہ قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔پاک فضائیہ نے کم تعداد کے باوجود مقابلہ کرنے کی روایت برقرار رکھی،دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا،شاہینوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا،پاک فضائیہ ملکی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کیلئے ہر لمحہ مستعد ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی یوم فضائیہ پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مئی 2025 میں پاک فضائیہ نے افواج کی دیگر سروسز کیساتھ مثالی ہم آہنگی دکھائی۔معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے جرات مندانہ اور غیرمعمولی جنگی مہارت کا مظاہرہ کیا،پاک فضائیہ نے دہائیوں فضائی معرکوں میں مہارت اور برتری کا لوہا منوایا،یقین ہے پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہرچیلنج کا سامنا کرنے کیلئے مکمل تیار ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی