ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ(12 ربیع الاول )آج (بدھ )کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبیؓﷺکے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے۔، شہر شہر قریہ قریہ چراغان اور خوشیوں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔عید میلادالنبیؓ کے حوالے سے ملک بھر کی مساجد میں میلاد اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا گیا ہے ، جس میں علما کرام نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔آمد مصطفیﷺ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا یا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویؓ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔آمد مصطفیﷺ کی مناسبت سے سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکا سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے
جشن عید میلاد النبیؓ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔علما کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیﷺ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپؓ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپؓ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔ ادھر جشنِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 11 اور 12 ربیع الاول کو بھاری گاڑیوں کا شہر میں داخلہ ممنوع ہوگا ، شہر میں ڈمپر ، ٹینکرز اور دیگر ہیوی گاڑیوں کی 25 اور 26 اگست کو پابندی عائد کی گئی ہے ۔اس سلسلے میں 11 ربیع الاول سے 12 ربیع الاول کی شب تک بھاری گاڑیاں شہر میں چلانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔جشنِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مختلف جلوسوں اور ریلیوں کے لیے ٹریفک انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے ۔گڈز ٹرانسپورٹ ، ڈمپر ، واٹر ٹینکر اور دیگر بھاری گاڑیوں کے مالکان اپیل کی گئی ہے کو وہ انتظامیہ سے تعاون کریں ، دیگر شہری بھی ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور انتظامیہ سے تعاون کریں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی