i پاکستان

ملک بھر میں شدید گرمی، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیشگوئیتازترین

June 19, 2025

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک بھر میں موسم خشک اور شدید گرم رہے گا جبکہ کشمیر اور بلتستان میں بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی موسم خشک اور گرم رہے گا۔کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور ایسے لگ رہا ہے کہ سورج آگ برسا رہا ہے۔گزشتہ روز جیکب آباد اور دادو میں پارہ 47 ڈگری، نواب شاہ اور سبی میں 46، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، پشاور،ڈیرہ غازی خان میں 42، اسلام آباد میں 41، کوئٹہ میں 40 اور کراچی میں 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثناء این ڈی ایم اے نے 22 جون تک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی پنجاب، سندھ، مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا کے مختلف علاقے متاثر ہوں گے، سندھ میں جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور، اور نواب شاہ زیر اثر آئیں گے۔این ڈی ایم اے نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور میں شدید گرمی پڑے گی۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں سبی، نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی اور جعفرآباد متاثر ہوں گے اورجنوبی خیبر پختونخوا میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں بھی شدید گرمی پڑے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی