i پاکستان

ملک کے بیشر حصوں میں آ ئندہ24گھنٹو ں میں موسم گرم رہے گا، بارش کی بھی پیشگوئیتازترین

June 02, 2025

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا جبکہ پنجاب کے بیشتراضلاع ،مری اورگلیات میں مطلع جزوی ابر آلود اور بارش کا امکان ہے،دوسری جانب مانسہرہ کے سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ پر برفباری ہوئی جس کے باعث جون میں جنوری کے نظارے دیکھنے کو مل گئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گز شتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد اور تربت میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھرمانسہرہ کے سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ پر برفباری ہوئی جس کے باعث جون میں جنوری کے نظارے دیکھنے کو مل گئے، بٹہ کنڈی، جل کھڈ، بیسر اور دیگر پہاڑوں پر بھی سفیدی چھا گئی، موسم مزید سرد ہو گیا، آئندہ 24 گھنٹے تک مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔بالائی علاقوں میں بادلوں کی بھی انٹری ہوگئی، بالاکوٹ، ناران، کاغان میں جم کر بارش ہوئی، مری، گلیات، راولپنڈی میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی گئی، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بھی چند مقامات پر بادل برسنے کا امکان پیدا ہوگیا۔

میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہی، سندھ اور بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ بلوچستان میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں موسم خاص طور پر شدید گرم رہنے کا امکان ہے جب کہ بعض علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں بھی چلنے کی بھی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر شہروں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں ریکارڈ کیا گیا جو 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جبکہ تربت میں 47، نوکنڈی میں 38، اور گوادر میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دیگر شہروں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی۔ کوئٹہ اور ژوب میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، قلات میں درجہ حرارت 28، زیارت میں 25، چمن میں 33 اور جیوانی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور گرمی سے بچا کے حفاظتی اقدامات اپنائیں۔ ماہرین کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال رواں ہفتے کے دوران برقرار رہنے کا امکان ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی