i پاکستان

ملک کے بیشتر حصوں میں 4 اپریل تک آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی،کراچی میں بارش متوقعتازترین

April 01, 2026

ملک کے بیشتر حصوں میں 4 اپریل تکآندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تین اپریل کے دوران بارش متوقع ہے اور چند علاقوں میں 50 ملی میٹر یا زیادہ بارش ہوسکتی ہے،پنجا ب اور بلوچستان بارش سے متاثرہ چھت اور دیواریںگرنے سے دوبچے جاں بحق اور11 افراد زخمی ہوگئے ۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران لاہورمیں بادل کھل کربرسے اور نشترٹان میں سب سے زیادہ 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ گلبرگ ،جیل روڈ ، گجومتہ اور رائیونڈ سمیت مختلف علاقوں میں اولے بھی پڑے جب کہ موسلادھاربار ش ، آندھی اور ژالہ باری سے موسم خوش گوار ہوگیا مگر بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔لیسکو ریجن میں170سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے،کوٹ رادھا کشن میں دیوار یں گرنے سے 2بچے جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ادھر بلوچستان کے ضلع زیارت، دکی،ہرنائی ،قلعہ سیف اللہ اور لورالائی سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے گوسہ کبزئی میں بارش کے بعد ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ 6 بچے زخمی ہوگئے۔اسپتال ذرائع کے مطابق واقعہ کے فورا بعد جاں بحق بچے اور زخمیوں کو ٹراما سنٹر ژوب منتقل کیا گیا جہاں زخمی بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی بچوں کو ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ جاں بحق بچے کی میت ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔مقامی افراد کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث کچے اور بوسیدہ مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے باعث ایسے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔ادھر آزادکشمیر میں وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم کیل سیری کے مقام سے بند کردی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی