i پاکستان

ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئیتازترین

July 02, 2025

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مر طوب رہنے کا امکان ہے تاہم کشمیر، اسلام آباد، شمال/جنوب مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، ساہیوال، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان میں بارش کی توقع ہے۔گوجرانوالہ، بہاولنگر، بہاولپور اور بھکر میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا،بلوچستان کے علاقوں موسی خیل، بارکھان، خضدار، ژوب،قلات اورمستونگ میں بارش کی توقع ہے۔ ادھر خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ ساتھ ہی ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ پشاور اور گردونواح میں بدھ کو صبح سویرے تیز ہوائوں کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ اس دوران شہر میں ہوائیں چلتی رہیں، جس سے گرمی کی شدت کم ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مزید گرج چمک اور تیز ہوائو ں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دیر بالا، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ اور کوہستان کے علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم اور مہمند میں بھی بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔اسی طرح چترال، خیبر اورکزئی، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ کے اضلاع میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے مختلف مقامات پر بھی گرج چمک اور ہوائوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں کابل، سوات اور پنجکوڑہ ندیوں میں سیلاب کا خطرہ ہے جب کہ صوابی، مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی آ سکتی ہے۔ اسی کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی