ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔راولپنڈی میں مری روڈ، صادق آباد، راجا بازار اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی، شمس آباد، کچہری، نیو کٹاریاں، چکلالہ اور پیرودہائی کے علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں اب تک مجموعی طور پر 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔اس کے علاوہ سید پور میں 15، گولڑہ میں 36 اور بوکرہ میں 42، پیرودھائی میں 34، نیو کٹاریاں میں 36 اور شمس آباد میں 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہو گیا۔
بارشوں کے پیشِ نظر راولپنڈی میں واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔واسا حکام کے مطابق نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں علمہ تعینات ہے، نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری بھی الرٹ رکھی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 8 فٹ ہے۔واسا حکام کے مطابق گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ ہے۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، حیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بادل خوب برسے، جبکہ پشاور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کر دی، 17 ستمبر تک مختلف اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔پنجاب کے مختلف اضلاع، بالائی خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں متوقع ہیں، نشیبی علاقے زیرآب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی