محکمہ موسمیات نے 20 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 جون کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جب کہ اس دوران مختلف علاقوں میں موسم کی صورت حال غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائو ں کا سلسلہ ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہا ہے جو 20 جون تک برقرار رہ سکتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی وسطی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں یہ موسمی نظام فعال ہوگا۔پنجاب اور اسلام آباد میں مختلف مقامات پر گرد آلود ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اسی طرح کالام، پاڑاچنار، وزیرستان اور سوات میں بھی تیز ہوائوں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا، طارق روڈ، بہادر آباد، صدر، کھارادر، لیاقت آباد، عزیز آباد اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی ۔اس کے علاوہ ایبٹ آباد میں طوفانی ہوائو ں کے ساتھ بارش ہوئی، آبی گزرگاہوں پر تجاوزات کے باعث شاہراہ ریشم تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، سرگودھا اور دریا خان میں بھی بادلوں کی گرج برس ہوئی، وزیر آباد، سانگلہ ہل، میانوالی، پسرور اور سوہدرہ میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے، بارشوں کا سلسلہ 20 جون تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ ادھر پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبہ پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک، تیز ہوائوں اور بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی فصلوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور ڈویژن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور کوٹ ادو میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، چنیوٹ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات اور ہنگامی تیاریوں کی ہدایات جاری کر دی ہیں، جبکہ ریسکیو اور امدادی اداروں کو الرٹ رہنے اور فوری ردعمل یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔ ادارے نے سیاحوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تلقین بھی کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی