ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوںمیں بادل برس پڑے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، جیل روڈ، اپر مال، فیروزپور روڈ، چوبرجی، ساندہ، گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور ٹھنڈ بڑھ جانے سے درجہ حرارت میں بھی کمی آگئی، لاہور کا آج کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارس برسنے کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جاری رہے گا۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور سردی بھی بڑھ گئی۔اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں بہاولپور، اوچ شریف اور وہاڑی میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، قصور، پھول نگر، میاں چنوں، عبدالحکیم، میکلوڈگنج، چشتیاں، راجن پور اور قائد آباد میں بھی بادل برس پڑے۔دوسری جانب پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں رات بھر وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم سرد جبکہ سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا یہ سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پشاور میں بارش کی شدت میں مزید اضافہ دیکھا گیا، جبکہ شہر کے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ مسلسل بارش کے باعث خیبر پختونخوا میں بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا اور متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ پشاور سمیت مردان، صوابی اور سوات کے شہری علاقوں میں بھی رات سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔رستم اور گردونواح میں فجر کے بعد گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ شدید بارش کے باعث مرکزی بازاروں میں رش نہ ہونے کے برابر رہا، جبکہ ریسکیو 1122 کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔دیر لوئر میں بھی تیز بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہا، جس سے دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ شدید بارش کے باعث شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔اسی طرح ضلع خیبر اور مضافاتی علاقوں میں بھی رات بھر موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی اور پاک افغان شاہراہ کے مختلف مقامات پر آمد و رفت معطل ہوگئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی