وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کر رہی ہے،تمام اداروں کی کارکردگی بہتر بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا، ریلوے کے نظام کو بہتر بنا کر آمدن میں اضافہ کرنے پر توجہ دی جائے جبکہ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کے بعدملک میں ریل کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جارہا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان ریلویز کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر ریلویز نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خلیجی صورتحال کے پیش نظر عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں چلنے والی تمام ٹرینوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر ہدایت کی کہ موجودہ معاشی حالات میں عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا جائے اور ریلوے کے نظام کو بہتر بنا کر آمدن میں اضافہ کیا جائے۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان ریلویز کو ایک جدید، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری نظام میں تبدیل کرنے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کاربند ہے اور تمام اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔انہوں نے وزیر ریلویز کو ہدایت کی کہ ریلوے کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو بہتر، محفوظ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی