پی ڈی ایم اے نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور آندھی کے باعث حادثات کی رپورٹ جاری کر دی ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف 25 حادثات رپورٹ ہوئے،مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہوئے۔بہاولنگر، فیصل آباد اور خانیوال میں بھی حادثات رپورٹ ہوئے، ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث 11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 مرد، 3 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں جبکہ بارشوں اور فلیش فلڈ سے سوات میں سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 50 گھروں کو جزوی نقصان ہوا اور 6 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے کا بتانا ہیکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا سامنا رہا، سیلابی خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نوشہرہ اور چارسدہ کو بھی الرٹ جاری کردیا اور ہدایت کی ہے کہ ضلعہ انتظامیہ ممکنہ ہنگامی صورتحال یا سیلاب سے قبل پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی