i پاکستان

مون سون بارشوں کا پہلا طاقتور سپیل آج 6 جولائی تک متوقع، متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایتتازترین

June 30, 2026

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آج یکم جولائی سے 6 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے پہلے باقاعدہ سپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں آندھی، تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔جنوبی پنجاب کے ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر اور میانوالی میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی اضلاع میں یکم سے 5 جولائی تک شدید بارش، تیز ہواں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے، دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ اور ملحقہ علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر سیلاب کا خطرہ موجود ہے، استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر، غذر، شگر اور گھانچے میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی یکم سے 6 جولائی تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بلوچستان کے ژوب، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد اور ڈیرہ بگٹی میں یکم سے 4 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، سندھ کے لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، دادو، کشمور، گھوٹکی، شکارپور، خیرپور، شہید بینظیر آباد اور نوشہرو فیروز میں 3 اور 4 جولائی کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسلا دھار بارش کے دوران نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں، سیاحوں، مسافروں اور مقامی انتظامیہ کو بھی موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے عوام سے کہا ہے کہ وہ بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے استفادہ کریں، تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ادھر کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مرطوب رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح اور رات میں کہیں کہیں بوندا باندی ہو سکتی ہے اور شہر میں تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں گی ۔دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں دریائے ہوشے میں طغیانی نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی، جس کے باعث گاں کا زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دریا میں پانی کے شدید بہا ئو سے ہوشے کا معلق پل اور زیرِتعمیر پل دونوں خطرے کی زد میں آ گئے ہیں۔زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث مقامی آبادی کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ علاقے کی سیاحتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو گئی ہیں۔ ادھر تھلے نالے میں بھی گلیشیئر پگھلنے سے آنے والے شدید ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، جس سے قریبی علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی