i پاکستان

مون سون کا آغاز،جڑواں شہروں سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ابر رحمت سے جل تھل ایک، موسم خوشگوارتازترین

June 25, 2025

ملک میں مون سون کی بارشوں کا آغاز، جڑواں شہروں سمیت پنجا ب کے مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی میں بدھ کو صبح سویرے موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔اس کے علاوہ پنجاب میں بادل برسنے لگے ، گجرات اور گوجر خان میں بارش ہوئی جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادلوں کا راج ہے، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون سیزن میں معمول سے 25 فیصد زائد بارشیں برسنے کے امکانات ہیں، پنجاب میں بارشوں کی شدت تیز ہوگی، شدید بارشیں ہونے کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے مظفرآباد و گردونواح میں موسم خوشگوارہوگیا، وادی لیپہ کے علاقوں میں بارش ہوئی، بالائی مقامات پر موسم سرد ہونے لگا ہے۔محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔وسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے، مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل یکم جولائی تک جاری رہیگا۔ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک،گجرات، جہلم اورگجرانوالہ میں تیز ہواں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ 26 سے 28 جون تک جنوبی پنجاب، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور میں بارش ہوسکتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی