i پاکستان

مسلسل عدالتی حکم عدولی پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی تنخواہ ضبط کرنے کا حکمتازترین

May 07, 2026

مسلسل عدالتی حکم عدولی پر ایڈیشنل سیشن جج نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی تنخواہ ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔جرم کے ذمہ 3 لاکھ روپے لینڈ ریونیو ایکٹ کے بقایا جات کی عدم وصولی اور رپورٹ نہ بھجوانے پر عدالت نے سخت نوٹس لیا، سابقہ تاریخ پر عدالت نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کو شو کاز نوٹس بھی جاری کیا تھا۔یاد رہے کہ میڈیکل کی طالبہ سے زیادتی کی کوشش کرنے والے مجرم کو ایڈیشنل سیشن جج نے 5 سال قید بامشقت اور 3 لاکھ روپے معاوضہ متاثرہ لڑکی کو ادا کرنے کا حکم دیا تھا، معاوضہ کی عدم ادائیگی کے باوجود بنیادی سزا مکمل ہونے پر مجرم کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔

جیل حکام کا مقف تھا کہ عدم ادائیگی معاوضہ پر چونکہ مجرم کو عدالت سے مزید قید کا حکم نہ سنایا گیا تھا اسلئے بنیادی سزا مکمل ہونے پر مجرم کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔عدالت نے مجرم سے معاوضہ کی ادائیگی لینڈ ریونیو ایکٹ کے بقایاجات کے طور پر وصول کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔ جج شازیہ چیمہ نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے اس بارے میں رپورٹ طلب کی تو تعمیل کے باوجود عدالت کو کوئی رپورٹ نہ بھجوائی گئی، عدالت نے معاملہ بارے مفصل رپورٹ دوبارہ طلب کی لیکن نہ تو رپورٹ بھجوائی گئی اور نہ ہی ڈی سی کی طرف سے شوکاز نوٹس کا جواب دیا گیا۔ایڈیشنل سیشن جج نے مسلسل عدالتی حکم عدولی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی تنخواہ تا حکم ثانی ضبط کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی