i پاکستان

مظفر گڑھ،55 سالہ شخص بھی نویں کے امتحان میں شریکتازترین

April 21, 2026

پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں 55 سالہ غلام قادر نامی شخص نے نویں جماعت کے امتحانات میں شریک ہو کر ثابت کر دیا کہ علم کے حصول کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے 55 سالہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ میرے بچے تعلیم یافتہ ہیں اور انہوں نے مجھے بھی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دی ہے۔غلام قادر نے ماضی کی ناکامیوں کے باوجود بھی اعلی تعلیم حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ میں میٹرک کے امتحانات میں 2 بار ناکام ہوچکا ہوں مگر اس کے باوجود میرا حوصلہ بلند ہے اور ابھی تک ہمت نہیں ہاری۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے آخری بار 13 سال قبل نویں جماعت کا امتحان دیا تھا اور اس بار میں پوری تیاری کے ساتھ امتحان دے رہا ہوں، میں یہ امتحان پاس کروں گا اور اس کے بعد بھی اپنی تعلیم جاری رکھوں گا۔غلام قادر کا مزید کہنا تھا کہ علم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے اور میں ہر قیمت پر سیکھنے کے لیے پرعزم ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی