i پاکستان

ن لیگ ووٹ کو عزت دو والے اپنے بیانیے پر ڈٹ جائے تو ساتھ چلنے کو تیار ہوں،شاہد خاقان عباسیتازترین

June 30, 2025

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن )اگر ووٹ کو عزت دو والے اپنے بیانیے پر ڈٹ جائے تو ساتھ چلنے کو تیار ہوں،حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی بات سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے۔ ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرا اختلاف کسی عہدے یا شخصیت پر نہیں ،مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر قائم تھی اور اگر وہ اپنے بیانیے پر دوبارہ سے قائم ہو جائے تو پارٹی کے ساتھ چلنے کو تیار ہوں۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔سابق وزیر اعظم کا چوہدری نثار سے اختلافات کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا ان سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں رہا تاہم، اختلافات سیاسی جماعتوں میں ہوتے رہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے پاس دوتہائی اکثریت ہے ، اسمبلی کی مدت تاحیات کر سکتے ہیں، پاکستان میں آئین ہے اور ہم نے اس کے مطابق ہی چلنا ہے اور اگر نظام درست نہیں ہے تو ہمیں اس کو تبدیل کرنا چاہیے جبکہ ہائبرڈ نظام اگر آئین کے مطابق نہیں تو آئین کوبدل دیں۔26 ویں ترمیم کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 26 ویں ترمیم نے آئین کی روح کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما اسلام(جے یو آئی ) کے پاس اسٹریٹ پاور ہے جو حکومت کو مفلوج کرسکتی ہے اس لیے مولانا فضل الرحمان کی بات سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی