i پاکستان

نائب وزیر اعظم کے اعلان کے باوجود اسلام آبادمتعدد علاقوں کے راستے بدستور بندتازترین

April 27, 2026

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے باضابطہ اعلان کے باوجود اولڈ ایئرپورٹ روڈ کی گلیاں بدستور بند ہیں۔ایران اور امریکی وفد کی اسلام آباد آمد کے موقع پر گزشتہ 8 روز سے گلیاں بند تھیں جس کے سبب اسکولز دفاتر جانے والوں کو شدید تکلیف کا سامنا رہا۔ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں کا موقف ہے کہ کچھ موومنٹ ہو رہی ہے جس کی وجہ سے گلیاں بدستور بند رکھی ہیں، ہمیں کوئی احکامات نہیں ملے نہ ہم ایسے ایئرپورٹ روڈ پر انٹری دے سکتے ہیں۔گلزار قائد، ایئرپورٹ ہاسنگ سوسائٹی، شاہ خالد کالونی اور فیصل کالونی سمیت متعدد آبادیوں کو مسلسل پریشانی کا سامنا ہے۔دوسری جانب ریڈ زون کی بندش کے باعث بند اسلام آباد ہائیکورٹ پیرکو 12 روز بعد کھل گئی، 16 اپریل کو آخری بار کیسز کی سماعت ہوئی تھی۔کفایت شعاری مہم کے تحت جمعے کو جوڈیشل ورک نہیں ہوتا جبکہ 12 روز میں سیکڑوں کیسز التوا کا شکار ہوگئے۔

ریڈ زون کی مسلسل بندش کے باعث ہائیکورٹ میں گزشتہ ہفتے ایک بھی سماعت نہ ہو سکی، سیکڑوں کیسز التوا کا شکار ہونے سے کیسز کا پینڈنسی لوڈ مزید بڑھ گیا۔گزشتہ ہفتے ریڈ زون کی بندش کے باعث ہائیکورٹ میں اہم کیسز کی سماعت نہ ہو سکی جس میں 190 ملین پانڈ کیس میں سزا معطلی درخواستیں شامل تھیں، 190 ملین پانڈ کیس 22 اپریل سماعت کے لیے مقرر تھا تاہم کاز لسٹ منسوخ ہوگئی۔گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی روکنے سے متعلق کیس کی سماعت بھی نہ ہو سکی، ہائیکورٹ کی بندش اور جوڈیشل ورک نہ ہونے سے درختوں کی کٹائی روکنے کا کیس بھی نہ ہو سکا۔ دوسری جانب راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی میں اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث تاحال ملزمان کو بذریعہ ویڈیو لنک عدالتوں میں پیش نہ کیا جا سکا۔ملزمان کی عدم دستیابی کے باعث کیسز کی سماعت آگے نہ بڑھ سکی۔عدالت میں پیر کو ملزمان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کیا جانا تھا تاہم پولیس نفری کی دیگر جگہ ڈیوٹیوں کے باعث پیش نہ کیا جا سکا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی